ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی کمار سوامی کے بیرون ملک دورے پر چراغ پا

بی جے پی کمار سوامی کے بیرون ملک دورے پر چراغ پا

Sat, 29 Dec 2018 23:31:30    S.O. News Service

بنگلورو،29؍دسمبر(ایس اونیوز) ریاستی بی جے پی نے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کو اتفاقی وزیر اعلیٰ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جبکہ ریاست کے بیشتر حصوں میں عوام سنگین خشک سالی کا سامنا کررہے ہیں ، و زیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی سال نو کی چھٹیاں منانے سنگاپور پہنچ چکے ہیں۔

بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ مخلوط حکومت کے قیام کے بعد سے اب تک 377کسانوں نے خود کشی کرلی ہے۔ پہلی بار خشک سالی کی صورتحال اس قدر سنگین ہوئی ہے کہ 156تعلقہ جات کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ریاست کو قرض کے جال میں جکڑ دیا ہے۔ اپنے آپ کو مٹی کا سپوت کہنے والے کمار سوامی اس مرحلے میں موجود رہ کر کسانوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے سنگاپور میں نیا سال منارہے ہیں۔ اس دوران دفتر وزیراعلیٰ سے یہ تصدیق کی گئی ہے کہ کمار سوامی آج رات اپنے افراد خانہ کے ساتھ سنگاپور کے لئے ذاتی دورے پر روانہ ہوگئے ہیں ، اور یکم جنوری کی شام ہی بنگلور لوٹیں گے، دفتر وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ کمار سوامی پچھلے دو سال سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ نیا سال ملک سے باہر ہی مناتے آرہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا بیرون ملکی دورہ ایسے وقت ہورہا ہے جبکہ حکمران اتحاد میں شامل کانگریس کے خلاف بعض جے ڈی ایس قائدین ناراضی ظاہر کررہے ہیں۔ متعدد معاملے بشمول سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیرمینوں کے تقرر کے معاملے میں جے ڈی ایس کے کسی کارکن کو خاطر میں نہ لائے جانے پر یہ لوگ کافی ناراض ہیں۔ خاص طور پر ایسے قلمدانوں کے تحت چیرمنوں کا تقرر جو جے ڈی ایس وزراء کے پاس ہیں اس پر جے ڈی ایس کارکن خوش نہیں ہیں۔
 


Share: